بی ای یا بی ایس سی انجینئرنگ کا تعلیمی پروگرام چار سال پر محیط ہے۔ ایک سال میں فیسوں کی مد میں تینوں متذکرہ بالا اداروں میں معمولی فرق سے پندرہ سو سے لے کر دو ہزار روپے تک اخراجات ہوتے ہیں۔ امتحانی فیسیں اس کے علاوہ ہیں۔ ہاسٹل کے اخراجات پہلے ۰۴۲ روپے سالانہ تھے اب بڑھ کر چھ سو روپے سالانہ ہوگئے ہیں۔ طلبہ کی مالی امداد کے لیے غیر سودی قرضے دیے جاتے ہیں۔ تمام ہی اداروں میں لینڈنگ لائبریریاں، سیمینارلائبریریاں اور کتابوں کے بینک قائم ہیں۔ لینڈنگ لائبریری سے کتابیں ایک تعلیمی سال کے لیے جاری کی جاتی ہیں۔ جامعات کی جانب سے مالی امداد کی اسکیموں کے علاوہ حکومتِ پاکستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے غیر سودی قرضوں اور قرض حسنہ کی اسکیمیں جاری کی گئی ہیں، جن کا اعلان وقتاً فوقتاً اخبارات میں کیا جاتا ہے۔
چوں کہ کیمیکل انجینئروں کی کھپت صنعت و حرفت کے متعلقہ شعبوں میں ہے اس لیے متعدد صنعتی اداروں کی جانب سے کیمیکل انجینئرنگ میں تعلیم پانے والے طلبہ کے لیے مختلف وظائف دیے جاتے ہیں۔ یہ وظائف قابلیت کی بنیاد پر طلبہ میں تقسیم کیے جاتے ہیں جن کا انتخاب متعلقہ اداروں میں کیا جاتا ہے۔