صفحہ اول » بلاگ » کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹنگ کیا ہے؟

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹنگ کیا ہے؟

کبھی آپ نے اپنے قلم کو غور سے دیکھاہے؟ یہ کس طرح تیار ہوا؟ اس میں کتنا خام مال لگا؟ کتنے کارکنوں اور انجینئروں نے اس کے بنانے میں حصہ لیا؟ اس کے بنانے میں کتنی مشینوں کی کارگزاری شامل رہی؟ پھر یہ کہ اس قلم کی قیمت بیس روپے ہے تو کیوں ہے؟ اس کی ایک مخصوص ساخت ہے، لیکن دوسری کمپنی کا تیار کر دہ قلم جو تھوڑا سا مختلف ہے، پندرہ روپے میں کیوں فروخت ہوتا ہے؟ اس قلم پر لاگت کتنی آئی ہوگی؟ اور فروخت پر منافع کتنا ہوگا؟ کیا اس قلم کی قیمت کم نہیں ہوسکتی؟ کمپنی اسے کہاں کہاں فروخت کرکے کتنا منافع کما رہی ہے؟ کیا اس منافعے کو بڑھایا جاسکتا ہے؟ یہ تمام اور اسی نوعیت کے دیگر سوالات کے جوابات تلاش کرنا کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹنگ کہلاتا ہے اور جو لوگ یہ کام کرتے ہیں انھیں کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹینٹ کہا جاتا ہ.۔
تجارت میں مقابلے کے رجحان اورکم یاب وسائل کے تحفظ کی ضرورت میں جوں جوں اضافہ ہو رہا ہے کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹینٹس کی مانگ بھی اسی قدر بڑھ رہی ہے۔ اپنی ماہرانہ تربیت اور معلومات کے باعث یہ افراد عوامی اور نجی دونوں طرح کے اداروں کی ایک لازمی ضرورت بنتے جا رہے ہیں۔

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹینٹ کا کام بالعموم ان قومی اور نجی اداروں میں ہوتا ہے جن کا تعلق کسی صنعت سے ہو۔ وہ اپنے آجروں یا موءکلوں کو کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹنگ کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان کے فرائض میں ادارے کی انتظامیہ کا کنٹرول، آئندہ کی منصوبہ بندی، بجٹ کی تیاری، پیداواری اشیا، مصنوعات یا خدمات کی قیمتوں کی پالیسی سازی اور کمپنی کی کارکردگی و کار گزاری کا جائزہ شامل ہے۔ یہ حضرات نقد رقوم کی آمد پر نظر رکھتے ہیں، نفع و نقصان کے گوشوارے تیار کرتے ہیں، حسابات کی درونِ خانہ تنقیح (انٹرنل آڈٹ) کرتے ہیں اور کمپنی کے حصے داروں کے مالیات کے حسابات تیار کرتے ہیں۔ کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاﺅنٹینٹ مالیاتی پیش گوئیاں، بجٹ کے جائزے اور مالیاتی اطلاعات اور مشورے فراہم کرتے ہوئے، انتظامی فیصلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔

کمپنیز آرڈیننس 1984ءکے اجرا کے بعد سی ایم اے کے کام اور شعبوں کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔
اس شعبے کی مسلسل وسعت پذیری اور یہاں ملنے والے مالی استحکام کو دیکھ کر اب بہت سے افراد اس میدان کا رخ کر رہے ہیں۔ اس شعبے میں اب بھی نئے افراد کے لیے بے انتہا گنجائش ہے۔

یہ بھی دیکھیں

کیریر پلاننگ کے اہم نکات

اپنا جائزہ لیں اور خود کو جانیں اپنے اندر کی شخصیت کا جائزہ لیجیے۔ اپنے …