جینے کے ہنر
ذرا سوچیے کہ لوگ کام کیوں کرتے ہیں؟
اکثر کا جواب ہوگا کہ ’’آمدنی حاصل کرنے کے لیے تاکہ اپنی اور اپنے خاندان کی زندگی کی ضرورتیں پوری کرسکیں۔‘‘ جواب صحیح ہے لیکن غور کیجیے کہ لوگ کیا صرف گزر بسر کے لیے کام کرتے ہیں؟
بظاہر یہی نظر آئے گا کہ لوگ ملازمت یا کاروبار اس لیے کرتے ہیں کہ انہیں آمدنی حاصل ہو اور وہ اپنی غذا، لباس، رہائش، علاج معالجے اور بچوں کی تعلیم کی ضرورتیں پوری کرلیں۔ لیکن جب یہ بنیادی انسانی ضرورتیں پوری ہو جاتی ہیں تو انسان کی ضرورتیں اور خواہش بڑھ جاتی ہیں۔
انسانی تعلقات
مل جل کر رہنا اور اپنے جیسے دوسرے انسانوں سے تعلق رکھنا، انسان کی فطرت ہے۔ والدین، خاندان کے دوسرے رشتے داروں اور آس پڑوس کے لوگوں سے تو میل ملاقات ہوتی ہی ہے، اس کے بعد انسان ایسے لوگوں سے ملنا چاہتا ہے جن کے شوق اور دلچسپیاں وہی ہوں جو خود اس کی ہیں۔ کام یا پیشہ انسان کو اپنی جیسی دلچسپیوں والے لوگوں سے ملنے کا موقع دیتا ہے۔ ایک گروپ میں شامل ہونے کے بعد انسان کو ’’تعلق‘‘ کا احساس ہوتا ہے۔ ایک جیسے پیشوں کے لوگ اپنے کلب اور انجمن بنا لیتے ہیں۔ کام، انسان کو دوسرے انسانوں سے دوستی اور تعلقات قائم کرنے کا موقع دیتا ہے۔
ذاتی ترقی
’کام‘ کرنے سے انسان کو موقع ملتا ہے کہ وہ نئی چیزیں سیکھے اور اپنی ذہانت اور سماجی صلاحیتوں میں اضافہ کرے۔ نئے کام اور نئی مہارتیں سیکھنے اور نئی چیزوں سے واقف ہونے کے بعد انسان اپنے لیے نئے اہداف مقرر کرتا ہے اور زندگی میں آگے بڑھتا ہے۔ کام ہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے انسان اپنی تمام تر خوبیوں، صلاحیتو ں اور مہارتوں کا اظہار کرسکتا ہے۔ کام ترقی کے راستے پر آگے جانے اور اپنی خوبیوں اور صلاحیتوں کی انتہا تک پہنچنے کا ذریعہ ہے۔
خدمت
خدمت وہ کام ہے جو انسان دوسروں کی بہتری اور فائدے کے لیے کرتا ہے ۔ لوگ اچھی اور معیاری چیزیں بناتے ہیں تاکہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں، اچھی خدمات مہیا کرتے ہیں تاکہ لوگوں کو آرام پہنچے اور اس طرح وہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ یہ احساس کرکے خوش ہوتے ہیں کہ ان کا کام اہم ہے اور دوسروں کے لیے فائدہ مند ہے، آپ کا کام دوسروں کی خدمت بن جاتا ہے۔
تحفظ
بنیادی ضرورتیں پوری ہونے کے بعد لوگ چاہتے ہیں کہ ان کی ملازمت یا کاروبار__ یعنی آمدنی کے ذریعے کو تحفظ ملے۔ وہ آنے والے وقت میں بھی برسرِ روزگار ہوں اور آمدنیرکنے نہ پائے تاکہ ان کی زندگی کی ضرورتیں پوری ہوتی رہیں۔ کام انسان کو مستقبل کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔
کامیابی
تعلیم مکمل کرنے کے بعد سب نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں اپنی پسند کے پیشے میں ایسی ملازمت مل جائے جس میں ترقی کے مواقع ہوں۔ ملازمت دینے والے ایسے لوگوں کو ملازم رکھتے ہیں جو مشکلوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہوں اور زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں۔ آپ کا کام آپ کو کامیابی کے مواقع دیتا ہے۔
خوشی اور اطمینان
خوشی اور اطمینان آخری لیکن اہم چیز ہے جس کے لیے لوگ کام کرتے ہیں۔ جو لوگ اپنی پسند کا پیشہ اختیار کرتے ہیں اور اپنے شوق کو کام بنا لیتے ہیں۔ ان کے لیے اپنے کام سے بڑھ کر خوشی اور اطمینان دینے والی چیز کوئی اور نہیں ہوتی۔ لوگ خوش اور مطمئن ہوں تو معاشرے میں امن قائم رہتا ہے اور معاشرہ ترقی کرتا ہے۔