بلاگ
کیریر گائیڈینس کیا ہے؟
مختصر اور آسان تعریف
کیریر گائیڈینس کا مطلب یہ ہے کہ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ اور طالبات کو اس بارے میں مشورہ دیا جائے اور رہنمائی کی جائے کہ زندگی کامیابی کے ساتھ گزارنے کے لیے وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں، خوبیوں اور کمزوریوں اور طبعی میلان یا رجحان کو کیسے جانیں اور پیشے کا انتخاب کیسے کریں۔
تفصیل
کیریر گائیڈینس کا مطلب ہے نوجوانوں، خاص طور پر اسکولوں کے طلبہ و طالبات کو ان تین باتوں کے بارے میں مشورہ دیا جائے اور ان کی رہنمائی اور تربیت کی جائے تاکہ وہ زندگی میں کامیاب رہیں
1۔ خود کو جانیں: اپنی صلاحیتوں، خوبیوں، کمزوریوں، اقدار اور طبعی میلان کو جان سکیں۔ خوبیوں کو ترقی دیں، کمزوریوں پر قابو پائیں، اقدار مضبوط کریں اور فطری صلاحیتوں سے کام لینا سیکھیں۔
2۔ تعلیم کے دوران: صحیح مضامین کا انتخاب کرسکیں۔ اپنے فطری رجحان اور شوق کے مطابق اسکول یا کالج میں ایسے مضامین منتخب کرسکیں جو پسند ہوں اور آسان لگتے ہوں، تاکہ مستقبل میں اپنے پیشے میں کامیاب رہیں اور ترقی کرسکیں۔
3۔ اپنے لیے صحیح پیشہ اور کام منتخب کریں: اپنی تعلیم، تربیت اور طبعی میلان (دلچسپی، شوق) کے مطابق پیشے کا انتخاب کرسکیں اور اپنے شعبے میں ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے طریقے سیکھیں۔
کیریر گائیڈینس کی بین الاقوامی تعریف
معاشی تعاون کی یورپی تنظیم (او ای سی ڈی)، یورپی کمیشن اور عالمی بینک نے کیریر گائیڈینس کی تعریف اس طرح کی ہے
’’کیریر گائیڈینس کا مطلب ایسی خدمات اور سرگرمیاں ہیں، جن کا مقصد کسی بھی فرد کو، اس کی زندگی کے پورے عرصے میں تعلیم، تربیت اور پیشے کے انتخاب اور پیشے کے انتظام میں معاونت فراہم کرنا ہو، خواہ فرد کی عمر کچھ بھی ہو۔ یہ خدمات اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، تربیتی اداروں، روزگار فراہم کرنے کے سرکاری محکموں، کام کی جگہوں، رضا کار یا سماجی شعبے اور نجی شعبے میں دستیاب ہو سکتی ہیں۔ کیریر گائیڈینس کی سرگرمیاں انفرادی سطح پر فرد یا گروپ کے ساتھ، آمنے سامنے ملاقات میں یا فاصلے پر (خط و کتابت، ٹیلی فون، ہیلپ لائن اور ویب کے ذریعے) منعقد کی جاسکتی ہیں۔ ان میں کیریر سے متعلق معلومات (چَھپے ہوئے مواد ، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے یا کسی اور شکل میں) کی فراہمی، جائزے اور خود اپنا جائزہ لینے کے طریقے، مشاورتی انٹرویو، کیریر سے متعلق تعلیمی پروگراموں (جن کا مقصد افراد میں اپنے بارے میں اور مواقع کے بارے میں آگہی اور کیریر کے انتظام کی مہارت پیدا کرنے میں مدد دینا ہو)، جانچ کے پروگراموں، ملازمت تلاش کرنے کے پروگراموں کے بارے میں معلومات اور عبوری خدمات کی معلومات شامل ہیں۔‘‘