بلاگ
کیریر پلاننگ کے اہم نکات
اپنا جائزہ لیں اور خود کو جانیں
اپنے اندر کی شخصیت کا جائزہ لیجیے۔ اپنے شوق، دلچسپیوں، مہارت، ذاتی خصوصیات اور اقدار کو پہچانیے اور ان کی فہرست بنائیے۔ اپنے دوستوں، خاندان کے افراد، اساتذہ یا رہبر سے پوچھیے کہ کیا ان کے خیال میں آپ میں وہ سب چیزیں موجود ہیں جن کی فہرست آپ نے تیار کی ہے۔ اپنا جائزہ لینے کے لیے خود سے یہ سوالات پوچھیے
مجھے کون سے کام پسند ہیں؟
کون سی سرگرمیاں ہیں جن میں مجھے لطف آتا ہے، وہ مجھے اکساتی ہیں، دلچسپ لگتی ہیں اور ان سے تفریح حاصل ہوتی ہے؟
مجھ میں کون سی مہارتیں اور صلاحتیں موجود ہیں یا میں چاہتا ہوں کہ وہ مجھ میں پیدا ہوں؟
میرا وہ کون سا ذاتی انداز یا خصوصیات ہیں جو کسی جگہ کام کرتے وقت میرے لیے اہم ہوں گی؟
اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مَیں کون سا مقصد حاصل کرنا چاہتا ہوں؟مختلف پیشوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں
ان تمام پیشوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں، جو آپ کو پسند ہوں، آپ کے سامنے موجود ہوں اور جن پیشوں کو اختیار کرنے کے مواقع دستیاب ہوں۔ اپنے خاندان اور رشتے داروں میں اور دوستوں کے خاندان میں ان لوگوں سے ملیں جو ایسے پیشوں سے منسلک ہیں، جو آپ کو پسند ہیں۔ ان سے ان کے کام کے بارے میں پوچھیں۔ موقع ملے تو اپنی پسند کے کسی پیشہ ور ماہر کے ساتھ اس کے کام کی جگہ پر ایک دن ساتھ گزاریں، اسے کام کرتا ہوا دیکھیں اور سوالات کے ذریعے معلومات حاصل کریں (اسے جاب شیڈواِنگ کہتے ہیں)۔
پوچھیں کہ
آپ نے اس شعبے میں کام کیسے شروع کیا؟
اس کام میں ایک مصروف دن کس طرح کا ہوتا ہے؟ کیا کیا کام کرنے ہوتے ہیں؟
اس کام کے لیے کس طرح کی تربیت یا تعلیم کی ضرورت ہے؟
نیا کام شروع کرنے والے کو ابتدا میں کیا تنخواہ ملتی ہے اور اوسط تنخواہ کیا ہے؟
اگلے مرحلے میں اپنے لیے چند اہداف طے کریں۔
ان پیشوں کے بارے میں تحقیق کریں جو آپ کو اچھے لگتے ہیں تاکہ یہ طے کرسکیں کہ ان پیشوں میں کامیاب ہونے کے لیے کس طرح کی تعلیم اور تربیت حاصل کرنی ہوگی۔ معلومات حاصل کرنے کے بعد تعلیم یا تربیت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔