Connect with us

متفرق

ابلاغِ عامہ – غیر معمولی امکانات والا میدانِ عمل

Published

on

خوراک اورجائے پناہ جیسی طبعی ضروریات کے علاوہ انسان کی ایک اوربنیادی ضرورت یہ ہے کہ وہ اپنے جیسے دوسرے انسانوں سے کچھ کہہ سن سکے، معلومات اورخیالات کاتبادلہ کرسکے یا اصطلاحی طور پر کہیے کہ ابلاغ کا عمل کرسکے۔ ابلاغ کی خواہش بڑی ہی بنیادی ہے اور ہم عصر تہذیب میں تویہ محض خواہش ہی نہیں رہی بلکہ فرد کے لیے شرطِ بقا بن گئی ہے ۔سادہ سے لفظوں میں ابلاغ کا عمل اطلاع، خیالات اوررویوں کوایک فرد سے دوسرے فرد تک پہنچانے کا عمل ہے۔ جب اورجہاں دوانسان ہم کلام ہوتے ہیں توابلاغ کا عمل جاری ہوجاتا ہے
ابلاغ کی اس انسانی ضرورت کو بنیادبنا کر معاشرے نے پیغامات کی ترسیل کے لیے طرح طرح کی اوربڑی پیچیدہ مشینیں بناڈالی ہیں اوراطلاعات، خیالات اوررویوں کے دور اورقریب نیزبڑے وسیع اور ہمہ گیر ابلاغ کے لیے بڑا جامع اور بسیط نظامِ ابلاغ وضع کرلیا ہے۔ سائنس کی نئی کامیابیاں ابلاغ کے راستے کی رکاوٹیں دورکررہی ہیں ،فاصلے سمٹ رہے ہیں۔ دریا ، پہاڑ، صحرا، سمندر جیسی سب رکاوٹوں پر عبور پایا جاچکا ہے۔ آواز اور تصویر کی ترسیل زمین کے دور دراز مقامات تک ہی نہیں بلکہ کائنات میں دور دراز ستاروں اور سّیاروں تک ممکن ہوگئی ہے۔ مصنوعی خلائی سیّاروں کے وسیلے سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی نشریات زمین کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچنے لگی ہیں۔ دنیا کے دور دراز مقامات سے بہ یک وقت ایک ہی اخبار چھاپا جانے لگا ہے ۔
یہ وسیع ابلاغی نظام، یہ قیمتی لوازمات او رمشینیں سب بے معنی ہیں اگر ان کے ذریعے پہنچانے کے لیے ہمارے پاس کوئی منظم پیغام ہی نہ ہو، کہنے کو کوئی ڈھنگ کی بات ہی نہ ہو۔ چناں چہ آج کل ابلاغِ عامہ یا عرف ِعام میں صحافت کے مطالعے کے دو پہلو ہیں اوّل ابلاغ کے میکانی وسائل اور ابلاغی نظریات کو سمجھنا دوم یہ کہ ان ذرائع کو لوگوں کو مطلع کرنے، متاثر کرنے، قائل کرنے، خوف زدہ کرنے، پرجوشکرنے یا انھیں تفریح بہم پہنچانے کے لیے کس طرح برتا جائے۔ ان کے لیے کیسے لکھا جائے ،ان کے لیے پیغامات اور مختلف مسوّدات کیسے مرتّب کیے جائیں اس تکنیکی علم کا حاصل کرنا اور اس کے ذریعے ابلاغِ عامہ کے مختلف اداروں میں خدمات انجام دینا ایک دوسرا پہلو ہے جو ایک مستقل پیشہ اور میدانِ عمل ہے پھر یہ کہ ابلاغ کا عمل صرف ابلاغ کے معروف ذرائع تک ہی محدود نہیں معاشرے میں عوام کی سطح پر روبرو ابلاغ ، اداروں کے درمیان ابلاغ، اداروں اور عامتہ الناس کے درمیان ابلاغ کی سرگرمیاں، ان سرگرمیوں میں مصروف لوگ معروف طور پر صحافی نہیں ہوتے مگر ہوتے وہ ابلاغ کا ر ہی ہیں اورابلاغ کی جدید اصطلاح کے وسیع تر مفہوم میں ان کی سرگرمیوں کے میدان بھی آتے ہیں۔ اس اعتبار سے ابلاغ کا میدان بڑا وسیع اور نوجوانوں کے لیے پیشے کے انتخاب کے ضمن میں ہمہ گیر اور غیر معمولی امکانات والا میدانِ عمل ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *