بلاگ
نظمیاتِ کاروبار
عملی زندگی میں مختلف النوع پیشوں کی وسیع دنیا میں نظمیاتِ کاروبار (بزنس مینجمنٹ ایڈمنسٹریشن ) ایک منفرد نوعیت کا پیشہ ہے۔ رنگارنگ اور ہمہ گیر دلچسپ اور مفید ہر دم نئے مسائل نئے لوگوں اور زندگی کے انوکھے گوشوں کو بے نقاب کرنے والا، ہر لمحہ کسی نئے چیلنج کا سامنا، ہر دن گہما گہمی سے بھرپور اور گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ کاروباری انتظامیہ کے نئے انداز اُجاگرکرنے والا ہے۔
درحقیقت اس دنیا میں ہونے والے ہر کام کا تعلق کسی نہ کسی حد تک نظمیات کے شعبے سے ہوتا ہے لیکن چوں کہ معیشت کو کاروبار سے فروغ حاصل ہوتا ہے اس لیے صنعت و تجارت کے اداروں کا انتظام کامیابی کے ساتھ نفع بخش طریقے پر چلانے کے لیے ایسے افراد زیادہ سود مند ثابت ہوتے ہیں جنھوں نے اس علم کی باقاعدہ تعلیم اور تربیت حاصل کی ہو۔
’’نظمیاتِ کاروبار‘‘ کے علم کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ کسی کام کو کم سے کم لاگت میں، کم سے کم وقت میں، زیادہ سے زیادہ بہتر طور پر انجام دیا جائے۔ یہ ’’کام‘‘ ایک کاروباری دفتر کا انتظام بھی ہوسکتا ہے اور کسی صنعت کی پیداواریت کو منافع بخش بنانا بھی، گویا انسان کا اجتماعی سرگرمیوں کو باضابطہ بنا کر اس سے فائدہ حاصل کرنا ’’نظمیاتِ کاروبار‘‘ ہے۔
’’نظمیاتِ کاروبار‘‘ ایک باقاعدہ علم کے طور پر، صنعتی انقلاب کے بعدظہور میں آیا۔ مشینوں کی ایجاد اور صنعتی ترقی کے ساتھ ’’کاروبار کا انتظام‘‘ رفتہ رفتہ ایک باقاعدہ علم بنتا گیا، موجودہ دور میں سائنسی نظم و نسق کی تحریک نے اس علم کو جدید اصولوں پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کمپیوٹر کی ایجاد کے بعد ’’نظمیاتِ کاروبار‘‘ میں ایک انقلاب آگیا ہے۔ آج کے منتظم (منیجر) زیادہ مستعد، زیادہ معاملہ فہم، تیز فیصلہ کرنے والے اور اطلاعاتی سائنس اور مہارت سے لیس نظر آتے ہیں۔
اس طرح نظمیاتِ کاروبار کا پیشہ ان نوجوانوں کے لیے زیادہ بہتر ہے جو قائدانہ صلاحیت کیحامل ہوں اور لوگوں کے ساتھ مل جل کر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔